پی ایس ایل فرنچائزز تاحال آمدنی میں سے حصے کی منتظر

Published On 12 July,2023 11:39 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل فرنچائزز کو تاحال آمدنی میں سے حصے کا انتظار ہے جب کہ اب تک آٹھویں ایڈیشن کی 90 فیصد ادائیگی ہو جانا چاہیے تھی مگر ایسا نہیں ہوا۔

پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن سے 5 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی ہے، طے شدہ معاملات کے مطابق 5 فیصد حصہ پی سی بی اور 95 فیصد 6 فرنچائزز کو ملنا ہے، سینٹرل پول کی غیرآڈٹ شدہ تفصیلات کے مطابق ایک ٹیم کے حصے میں 84 کروڑ سے زائد رقم آئے گی، ان میں سے اخراجات کی رقم منہا ہوگی جو 40 سے 55 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

ٹی وی پروڈکشن کی 95 فیصد رقم کی ادائیگی بھی فرنچائزز کے ذمے ہوتی ہے، معاہدے کے تحت 5 جولائی تک منافع میں سے 50 فیصد ادا کیا جانا تھا مگر تاحال اس حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں دی گئی، اس سے قبل مئی میں 40 فیصد رقم واجب الادا تھی، اس کا پی سی بی نے فرنچائزز کوحساب بھیجا مگر کئی امور پراختلافات بھی سامنے آئے، آخری 10 فیصد ادائیگی 10 دسمبر تک کرنا ہوگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعرات کو فرنچائزز کے چیف فنانشل آفیسرز (سی ایف اوز) کی میٹنگ طلب کر لی گئی ہے جس میں کوئی پیش رفت کا امکان ہے، لیگ کے معاملات سے فرنچائزز ناخوش ہیں، اونرز ذکاء اشرف سے ملاقات میں تبادلہ خیال کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ان دنوں آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کیلئے جنوبی افریقہ میں موجود ہیں، ان کی وطن واپسی کے بعد ہی کوئی میٹنگ ہو سکے گی۔