راولپنڈی:(دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی اور سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا، دونوں ممالک کے عسکری سربراہوں سے ملاقاتوں میں افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ندیم رضا نے جرمن ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل ایبرہارڈ زورن سے ملاقات کی، جنرل ندیم رضا نے جرمن انفینٹری اسکول ہیملبرگ اور سینٹر فار انٹرنل لیڈر شپ کولبانز کے بھی دورے کئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو جرمن وزارت دفاع آمد پر گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا، جنرل ندیم رضا نے دورہ سوئٹزرلینڈ کے دوران سوئس مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل تھامس سوسلی سے ملاقات کی، جس میں فوجی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے امور بھی زیرغور آئے۔