کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخاب کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی فہرست مرتب کرلی ہے، آئندہ 48 گھنٹوں میں نوٹیفکیشن کا اجراء متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہونگے، کراچی اور حیدرآباد ڈیویژن میں دوسرے مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ سندھ حکومت نے کراچی کے 6 ٹائونز میں 13 یونین کمیٹیوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد کراچی میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 233 سے بڑھکر 246 ہوگئی ہے، اورنگی ٹائون میں ایک یونین کمیٹی کم کرنے سے آبادی کی حد اوسطاً فی یونین کمیٹی 87 ہزار زائد ہوگئی ہے، حلقہ بندی کا عمل مکمل ہونے کے بعد جاری اس نوٹیفکیشن پر حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہوگا۔
محکمہ بلدیات حکومت سندھ نے درستگی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کراچی کے دو اضلاع ضلع کیماڑی اور ضلع غربی کے 5 ٹائونوں میں 13 یونین کمیٹیوں کا اضافہ کیا جبکہ ایک ٹائون میں ایک یونین کمیٹی کم کردی ہے۔ یہ تصحیح نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنے کے دن ہی جاری کیا گیا ہے۔ حلقہ بندی قواعد و ضوابط کے مطابق دونوں اضلاع کے تمام 6 ٹائونوں میں از سر نو حلقہ بندی ہوگی۔