شمالی وزیرستان: فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، سپاہی شہید

Published On 14 April,2022 09:08 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان کے ضلع ایشام میں فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عصمت اللہ خان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کےضلع ایشام میں فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عصمت اللہ خان شہید ہوئے، علاقےمیں دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 13 اپریل کو پیش آیا، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت

وزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی عصمت اللہ شہید کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہدا کا لہو پوری قوم پر قرض ہے، ہم اس کی بوند بوند کا حساب لیں گے، قوم مادر وطن کے تحفظ کا فرض ادا کرنے والے بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے، اللہ تعالیٰ شہید سپاہی سمیت تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کوصبردے۔

Advertisement