وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ، وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا

Published On 20 April,2022 02:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا۔ آج رات امریکا روانہ ہو جائیں گے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں حصہ لیں گے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کابینہ ارکان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک کیلئےآپ کی بہت قربانیاں ہیں، عدم اعتماد کے نتیجے میں اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی، ہمارا اتحاد ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، بجلی نہ ہونےکی وجہ سے درجنوں کارخانے بند ہیں۔ مشکلات ضرور آئیں گی لیکن دیکھنا ہو گا ان کا حل کیسے کرنا ہے، ہم نے ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہے۔ بلوچستان کے عوام کے مسائل پر بھرپور توجہ دینی ہو گی، دیگر صوبوں کے مسائل پر بھی درددل کے ساتھ توجہ دینا ہو گی۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ مسائل فوری حل ہو جائیں مگر چینی کہاوت ہے کہ جہاں چیلنج ہے وہاں موقع بھی موجود ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 4 سال اپوزیشن کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اس دوران کرپشن عروج پر تھی اسے ختم کرنا ہے۔ زہریلے پروپیگنڈے کا حقائق کی بنیاد پر جواب دینا ہو گا، محنت کےعلاوہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں۔
 

Advertisement