'آڈیو ٹیپ سے عمران خان کی منافقت بے نقاب، حکومت کو بچانے کیلئے این آر او مانگا'

Published On 29 May,2022 01:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا، حالیہ آڈیو ٹیپ ان کی منافقت بے نقاب کرتی ہے۔

آصف زرداری اور ملک ریاض کی مبینہ آڈیو سے سیاسی ہلچل، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا ہے کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتی ہے۔ عمران خان نے اپنے دعووں کے برعکس خود کو بچانے کے لیے این آر او مانگا، تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کی جعلی کہانی تیار کی گئی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ تحریک انصاف جانب سے مذکورہ آڈیو ٹیپ کو مسترد کر دیا گیاہے، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ عمران خان کسی ٹائیکون سے کہیں کہ ہمارا پیچ اپ کرا دیں۔

واضح رہے کہ مبینہ آڈیو ٹیپ میں سنا جا سکتا ہے کہ ملک ریاض کہہ رہے ہیں کہ سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بات نہیں کریں گے، آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بہت زیادہ میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ، آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے۔

سابق صدر آصف زرداری اس پر جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اب ایسی صورتحال ممکن نہیں، اس کے جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔

گفتگو کے دوران آصف زرداری مسلسل کھانستے ہوئے بھی سنائی دیئے۔

 

Advertisement