فیصل آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی مقررہ وقت پر آئین و قانون کے مطابق ہوگی، موجودہ لوڈ شیڈنگ بروقت گیس کے سودے نہ ہونے کا نتیجہ ہے، چار سال ملک پر نااہل ٹولہ مسلط رہا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نواز شریف کو دکھ ہوا، عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی، آئی ایم ایف معاہدے کے مطابق سبسڈی صفر کرنی ہے۔
فیصل آباد میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مستحقین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بیڈ گورننس کے ایشو کو اب ختم کیا جائے گا، مہنگائی میں عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ ساڑھے 3 سال میں بیڈ گورننس تھی، آئی جی اسلام آباد نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا، آئی جی اسلام آباد نے اپنے مطالبات پیش کیے، ہم مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، سبسڈی صفر کرنے کیلئے پٹرول مہنگا کرنا پڑا، انتخابات کی طرف جاتے تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا، آئی ایم ایف معاہدے کے بغیر ورلڈ بینک پیسے نہیں دے گا، عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، سابق وزیراعظم نے تیل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے کم کیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے دستخط ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں گورننس نہیں تھی صرف انتقام لیا گیا، 25 مئی کو پی ٹی آئی کا احتجاج ناکام تھا، یہ لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اب یہ لوگ روز سیاسی مخالفین کو گالیاں نکال رہے ہیں، کل کے جلسے میں 8 سے 10 ہزار کرسیاں لگائی گئیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے چل رہے ہیں، اتحاد میں کسی قسم کا رخنہ نہیں آئے گا، آرمی چیف کی تعیناتی مقررہ وقت پر آئین و قانون کے مطابق ہوگی، تعیناتی مقررہ وقت پر جو بھی اتھارٹی ہوگی وہ کرے گی، الیکشن کب کرانے ہیں اس کا فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے، اتحادی اور حکومت اگست 2023 سے آگے بھی حکومت چلانا چاہیں گے تو آپ نہیں روک سکتے، اب یہ لانگ مارچ کریں گے تو انہیں اٹک پل کراس نہیں کرنے دیں گے، اس بار ان کا یہ گلہ بھی دور کر دیں گے کہ ایکسپائر شیل پھینکے گئے۔