شہباز شریف کا ترک صدر، بحرینی شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ

Published On 09 July,2022 06:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا ترک صدر رجب طیب اردوان اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر اردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اردوان نے بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دعا بھی کی۔ اس تناظر میں، ترک صدر نے آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے لئے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

ترک کے اپنے حالیہ دورے اور ان کے وفد کی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی توانائی اور خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لئے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کومزید وسعت ملے گی۔

شہباز شریف اور  بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الیفخہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے مملکت بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارک باد دی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مملکت بحرین کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں ںے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قریبی تعلقات نے مختلف شعبوں بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں گہرے دو طرفہ تعاون کے اہم مواقع فراہم کیے ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے عید کی پرتپاک مبارک باد کا جواب دیتے ہوئے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کے لیے باہمی تعاون کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ ایمان، باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔