لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ الیکشن ن لیگ کے خلاف نہیں بلکہ بیرونی سازش اور الیکشن کمیشن کیخلاف ہے، ن لیگ کا تو کہیں وجود ہی نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کامیابیاں سمیٹے گی، آج اراکین صوبائی اسمبلی حکومت کو چھوڑ کر اپوزیشن کی طرف آ رہے ہیں۔
لاہور کے حلقے پی پی 168 کا تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے دورہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری رہے گا۔ ن لیگ کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئی ہیں، مزید چار سے پانچ استعفے آرہے ہیں۔
مظفر گڑھ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ کے دو حلقوں میں جعلی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ، پی پی 272 میں پولنگ سٹیشن 44 اور 46 سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کونکال دیا گیا، حکومت دھاندلی کرنے سے باز رہے، جعلی حکمرانوں کو عبرت ناک شکست دیں گے۔