الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کو گوشواروں کی تفصیلات 29 اگست تک جمع کرانیکی ہدایت

Published On 26 July,2022 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کو 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال 2021-22ء کے حسابات کے مصدقہ گوشوارے 29 اگست تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 210 کے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو آئین کے تحت مالی سال کےاختتام کے بعد 60 دنوں کے اندر اپنے حسابات کی چارٹڈ اکائونٹنٹ کے فارم ڈی پر آڈٹ شدہ حسابات کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہے۔

بیان کے مطابق گوشواروں میں سالانہ آمدنی ،فنڈز کے ذرائع اور اثاثے و واجبات کی تفصیلات جمع کرانا لازم ہے۔یہ حسابات چارٹڈاکائونٹنٹ کی رپورٹ اور پارٹی سربراہ کی طرف سے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ کے ساتھ ہونے چاہئیں۔بیان میں کہاگیا ہے کہ گوشواروں میں سیاسی جماعت کی مالی حیثیت واضح ہونی چاہیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق فارم ڈی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفاتر میں مفت دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی پروفارمہ دستیاب ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حسابات کے اندراج میں اوور رائٹنگ سے گریز کیا جائے اور تجدید شدہ آئی سی اےپی کی طرف سے رکنیت کا سرٹیفکیٹ بھی فارم ڈی کے ساتھ منسلک کیاجائے۔

ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن قواعد 2017 کے ساتھ ڈاک ، فیکس، کوریئر سروس یا دیگر ذرائع سے موصول ہونے والے بیانات قبول نہیں کئےجائیں گے بلکہ یہ گوشوارے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس پارٹی کا عہدیدار خود جمع کرائے گا جو پارٹی کے سربراہ کی طرف سے مجاز ہوگا۔
 

Advertisement