لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور حکومتی اتحاد نے قبل از وقت انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اہم ترین اجلاس میں آصف زرداری، فضل الرحمان اور دیگر جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے، ضمنی الیکشن میں بد ترین صورتحال کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، شرکا کو صوبائی اسمبلی میں نمبر گیم پر بریفنگ بھی دی گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور میں پی ڈی ایم اور اتحادیوں کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں پی ڈی ایم اور حکومتی اتحاد نے ملک میں قبل از وقت نہ کروانے کا متفقہ فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ قبل از وقت انتخابات عمران خان کے دباؤ پر نہیں بلکہ حکومتی اتحاد کے متفقہ فیصلے کے تحت ہوں گے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کے اداروں کیخلاف بیانیے کا توڑ کرنے کے لئے نیا حکومتی بیانیہ لانچ کیا جائے گا جبکہ پی ڈی ایم قیادت نے عمران خان کی جانب سے اداروں پر تنقید کی شدید مذمت کی۔
الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ سنائے:وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کی درخواست کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں الیکشن کمیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ طویل عرصے سے التواء کے شکار پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر فیصلہ سنائے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا ہے کہ ریاستی اداروں پر بار بار شرمناک حملوں کے باوجود عمران نیازی کو کھلی چھٹی دی جارہی ہے، عمران نیازی کو دیئے گئے استثنیٰ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
کان کھول کرسن لیں الیکشن تب ہوں گے جب حکومت چاہے گی: مریم اورنگزیب
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کان کھول کرسن لیں ،الیکشن تب ہوں گے جب حکومت چاہے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار بچانے کیلئے حکومتی اداروں پر حملہ آور ہوئے، یہ فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ٹارگٹ کررہےہیں، ادارے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں اور اداروں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، عمران خان فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، عمران خان نے اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر معاشی لینڈ مائنز بچھائیں، اداروں کو مفلوج کیا، اداروں کو کمزور کیا، اداروں کو استعمال کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ وہ تمام 20 سیٹیں جیت جائیں، ایسا نہیں ہوا تو وہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو گئے، تحریک عدم اعمتاد کا مقابلہ کرنے کے بجائے بھی عمران خان آئین پر حملہ آور ہوئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے چور دروازے سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی کوشش کی جس طرح وہ جاوید اقبال سے کرتے تھے اور ڈی جی ایف آئی اے سے کرتے تھے، جب چیف الیکشن کمشنر نے ملنے سے انکار کیا تو پھر یہ ان کے خلاف ہو گئے۔