لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ الیکشن نہیں ریفرنڈم تھا جو مسلم لیگ ن نے جیتا، قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر شکست دی، جب عوام ساتھ ہوں تو الیکشن کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کرتے۔
صوبائی وزراء اور سیکرٹریوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کبھی اتنی منافقت نہیں دیکھی کہ ہارگئے توبائیکاٹ تھا، جب دھاندلی ہوتی ہے تو دنیا دیکھتی ہے، آج غیر ملکی پبلی کیشن لکھ رہی ہیں کہ پنجاب جادوٹونے پر چلتا تھا، جادوٹونے سے بس تھوڑی دیر کیلئے ہی کامیابی مل سکتی ہے، آج ملاقات کیلئے روتے ہیں، پوری مسلم لیگ ن کے ساتھ یہی ہوتا تھا، میری چھوٹی بیٹی 13سال کی تھی اورملاقات نہیں کرائی جاتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے نوازشریف سے ملاقات کیلئے ہفتے میں ایک بار 20منٹ کی اجازت ملتی تھی، مجھے ماں کی موت کی خبر جیل میں ملی لیکن الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، نوازشریف نے بھی جیل میں الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، پی ٹی آئی والے اپنے اعمال کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک پر حملہ کرنے والوں کے گلے میں پھولوں کے ہار نہیں ڈالے جاتے، آپ نے توڑ جوڑ کرکے الیکشن جیتا، لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں کسی نے کچھ نہیں کہا، جس دن آپ نے ملک پر حملہ کیا تب سے آپکا ڈاؤن فال شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کے ڈھیر لگ گئے، بیانیے سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے، پرفارمنس بھی ہونی چاہئے ، خیبرپختونخوا اب تک صرف چور کا بیانیہ دیا گیا، پورا خیبرپختونخوا پتھر کے زمانے میں چلا گیا، خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے دل اور وسائل کا دروازہ کھولتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوگوں نےہری پور میں نوازشریف کو ووٹ دیا، کوئی بھی مقبول شخص الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتا، بیانیے کو بنانے کی ضرورت نہیں پرتی بلکہ وہ خود بنتا ہے، پی ٹی آئی کو مجرم ہی کہوں گی، پی ٹی آئی نے حکومت ختم ہونے پر ملک پر حملہ کیا، پی ٹی آئی کی سیاست کو سیاست نہیں سمجھتی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرفارمنس سے بہتر کوئی بیانیہ ہوہی نہیں سکتا، پی ٹی آئی دور میں پوری ریاست کی مشینری ن لیگ کے خلاف تھی، اب پی ٹی آئی نے پنجاب میں بائیکاٹ کیا اورخیبرپختونخوا میں الیکشن میں حصہ لیا، ان کو خیبرپختونخوا میں سے بھی عبرتناک شکست ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نےقیدی نمبر804کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہوگئے، ضمنی الیکشن میں جیت نوازشریف کے نام کرتی ہوں، ضمنی الیکشن میں جیت پنجاب اورخیبرپختونخوا کے عوام کےنام کرتی ہوں۔



