لیفٹیننٹ جنرل آصف غفورکور کمانڈر کوئٹہ تعینات

Published On 03 August,2022 11:44 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو کمانڈر 12 کور کوئٹہ تعینات کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لسبیلہ سے لاپتہ ہو گیا تھا جس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افراد سوار تھے، گزشتہ روز ان کی شہادت کی تصدیق ترجمان پاک فوج کی جانب سے کی گئی تھی۔

آصف غفور ماضی میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی ذمہ داری بھی ادا کر چکے ہیں۔ وہ اِس عہدے پر 15 دسمبر 2016ء سے 16 جنوری 2020ء تک فائز رہے۔ اس کے بعد ان کا تبادلہ جی او سی 40 ڈویژن اوکاڑہ کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ نومبر 2020ء کو پاکستان آرمی میں 6 میجر جنرل نے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پائی تھی۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ترقی پانے والوں میں میجر جنرل آصف غفور بھی شامل تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور آئی جی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کر دیے گئے تھے۔

Advertisement