اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں فوری عام انتخابات کوئی نہیں روک سکتا، غلط فہمی جلد دور ہوجائے گی، عوام صاف اور شفاف الیکشن کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، 13 اگست کا جلسہ انقلاب کا آغاز ہوگا۔
بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے رہنما اور ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی اور قانونی امور،13 اگست کے جلسے پر مشاورت کی گئی، بابر اعوان نے جاری قانونی معاملات پر چیئرمین پی ٹی آئی کو بریفنگ بھی دی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 13 اگست کا جلسہ آغاز انقلاب ہو گا، فوری انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا، جنہیں غلط فہمی ہے جلد دور ہو جائیگی، عوام اب عام انتخابات کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بابر اعوان نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست کھانے والا ٹولہ انتخابات سے بھاگ رہا ہے، شوباز کی نالائق الیون جو مرضی کر لے مقابلہ کریں گے، جعلی مقدمات اور جھوٹی تحقیقات عوامی بیانیہ نہیں بن سکیں گی، اب آئی آئی پی ٹی آئی نہیں دو تہائی پی ٹی آئی ہو گا۔
پاکستان یزیدیت کے نرغے میں ہے، 13 اگست کو لائحہ عمل کا اعلان کرونگا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان فسطائیت کے نرغے میں ہے، مجرموں کے گروہ کو امریکی سازش کے تحت اقتدار دلایا گیا، 13 اگست کو حقیقی آزادی جلسے میں لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ ہمارے پیغمبر پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے راہِ حق پر تھے، کوفہ کے لوگ یزید کے خوف سے انکی مدد کو نہ نکلے اور اسلام کےعظیم ترین المیے کو وقوع پذیر ہونے دیا گیا، ہر دور کا اپنا یزید ہوتا ہے۔
People of Kufa, despite knowing our beloved Prophet(PBUH) s Grandson was on the path of truth, did not come to help out of fear of Yazid & allowed the greatest tragedy of Islam to happen. Every era has its Yazids. Pakistan is facing Yazidiyat (fascism) today in the form of
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 7, 2022
اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ مجرموں کے برسرِ اقتدار گروہ، جسے تبدیلئ حکومت کی امریکی سازش کے ذریعے حکومت میں لایا گیا اور انکے سرپرستوں کے اقتدار کی شکل میں پاکستان آج یزیدیت (فسطائیت) کے نرغے میں ہے، کیا ہمارے لوگ بھی خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کےسامنے سرجھکائیں گے یا بحیثیت ایک قوم اس کڑے امتحان کا سامنا کریں گے؟، 13اگست کو میں اپنے حقیقی آزادی جلسے میں اس فسطائیت سے نمٹنے کے منصوبے کا اعلان کروں گا۔
ادھر کراچی کے حلقہ این اے 245 کے امیدوار محمود مولوی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، حلقے کی صورتحال اور الیکشن مہم بارے آگاہ کیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے گھر گھر بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کراچی کے لوگوں کو تحریک انصاف پر اعتماد ہے، پی ٹی آئی این اے 245 سے دوبارہ کامیاب ہوں گے، پی ٹی آئی اس حلقے سے دوبارہ کامیاب ہوگی۔
عمران خان سے ملاقات میں محمود مولوی نے کہا کہ یہ نشست دوبارہ جیت کر آپ کو تحفہ دیں گے، چیئرمین خود الیکشن مہم کے لیے جلد کراچی آئیں گے۔
رانا ثنا اوقات کے مطابق بات کیا کریں، انکی تھانے کے ایس ایچ او سے زیادہ حیثیت نہیں:فواد چوھری
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ انتخابات سے فرار کیلئے امپورٹڈ حکومت، الیکشن کمیشن اور سپیکر آفس سمیت تمام آپشن استعمال میں لا رہی ہے۔ رانا ثنا اوقات کے مطابق بات کیا کریں، انکی تھانے کے ایس ایچ او سے زیادہ حیثیت نہیں۔
اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت الیکشن سے فرار اس لئے چاہتی ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو عمران خان دو تہائی سیٹیں لے لے گا۔ عمران خان پاکستان کی مڈل کلاس کو اٹھانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، اس وقت پاکستان کی آزادی اور غلامی میں فرق عمران خان کا ہے، ہر شخص جو آزاد پاکستان دیکھنا چاہتا ہے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔
فواد چودھری نے رانا ثنا اللہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اُنہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب اپنی اوقات کے مطابق بات کیا کریں۔ آپ تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او ہیں اس سے زیادہ آپ کی حیثیت نہیں، یہ نہ ہو لینے کے دینے پڑ جائیں۔
زمینی طاقتیں حکمران اتحاد، آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کیساتھ ہیں: شیخ رشید
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ زمینی طاقتیں 15 حکمران اتحاد کے ساتھ ہیں تاہم آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاستدان اپنے گندے کپڑے میڈیا میں دھو رہے ہیں۔ سیلاب کی فوٹو کھنچوانے پر زور اور سٹیٹ بنک کا گورنر مقرر کرنے کا وقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مفروضوں کے پیچھے شریفوں اور زرداری کا چہرہ ہے۔ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔ زر مبادلہ کے ذخائر ترسیلات اور ایکسپورٹ کم ہو رہی ہیں۔ وزیر خزانہ ایک ہفتے ٹیکس لگاتے اور دوسرے ہفتے اٹھا لیتے ہیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں ساری آئینی ترامیم ملک کے لیے نہیں، اپنی ذات اور مفاد کے لیے کی گئی ہیں حتی کہ قرضے کے لیے بھی آرمی چیف کو فون کرنے پڑرہے ہیں، اگست اہم مہینہ ہے۔