وزیراعلیٰ کا پنجاب بھر میں اسلحہ کی نمائش کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

Published On 21 August,2022 04:50 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب بھر میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسلحہ کی نمائش کرنے پر بلا تفریق کارروائی کی جائے۔

چودھری پرویزالٰہی سے گجرات سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلی پنجاب نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ایسے عناصر کا آہنی ہاتھوں سے قلع قمع کرنا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی سید فیض الحسن، اراکین پنجاب اسمبلی محمد ارشد چودھری، شجاعت نواز، محمد عبداللہ وڑائچ، سلیم سرور جوڑا، محمد اختر حیات اور چودھری لیاقت علی شامل تھے، گجرات کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اراکین اسمبلی نے اسلحہ کی نمائش کے خلاف ایکشن پر چودھری پرویزالٰہی کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ آپ کا یہ فیصلہ صوبے میں امن عامہ کی فضا قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر لمحہ قیمتی ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر کام کر گزریں گے، ن لیگ کے دور میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پس پشت ڈالا گیا، عوامی خدمت کے کاموں کو جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے وہیں سے شروع کر دیا ہے، آج بھی عمران خان کو ہی اپنا وزیراعظم مانتا ہوں، عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے، گجرات والے ساتھ نبھانا جانتے ہیں، 2 ستمبر کو جلسہ عام میں گجرات کے لوگ عمران خان کا فقیدالمثال استقبال کریں گے۔
 

Advertisement