راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے دبئی پورٹ ورلڈ کے چیئرمین نے ملاقات کی جس میں سیلاب کی تباہ کاریوں، امدادی کوششوں اور بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شیخ سلطان نے آرمی ریلیف فنڈ میں 25 لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا، امدادی کوششوں کیلئے مزید عطیہ کنندگان کو لانے کی پیشکش بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے دبئی پورٹ ورلڈ کے چیئرمین شیخ احمد سلطان بن سلیم نے ملاقات کی۔
سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والے شیخ سلطان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اس کی قیادت مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شیخ سلطان نے پاکستان کے لئے عالمی فورمز پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر انصاف کیلئے آواز بلند کرنے کا عزم بھی دہرایا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کی بروقت حمایت پر شیخ سلطان کا شکریہ ادا کیا، پاکستان میں اقتصادی ترقی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شیخ سلطان نے آرمی چیف کو ڈی پی ورلڈ کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی سے بھی آگاہ کیا، فلڈ ریلیف کی کوششوں کے لئے مزید ڈونرز لانے کی پیشکش کی، اس دورے کا اہتمام کرنے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان میں مدد کی ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پرمعروف گلوکار اور سماجی کارکن فخر عالم کا بھی شکریہ ادا کیا۔