لاہور: (لاہور نیوز) ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی بدترین شکست کا معاملہ، پارٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔پارٹی قائد نواز شریف قیادت پر شدید برہم ہوگئے۔ لیگی وزراء اور عہدیداروں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت سے ضمنی انتخابات میں شکست کی رپورٹ طلب کر لی۔
پنجاب میں ضمنی انتخابات میں بدترین شکست پر لیگی رہنما اور امیدوار پھٹ پڑے۔پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں اورامیدواروں نے ضمنی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری مریم نواز،،حمزہ شہباز اورپارٹی کی قیادت پر عائد کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ اگر پنجاب میں پیپلزپارٹی کے موسیٰ گیلانی بڑے مارجن سے جیت سکتے ہیں تو ن لیگ بھی جیت سکتی تھی۔عمران خان نے 50 سے زائد جلسے کئے۔ہماری قیادت نے انتخابی مہم میں حصہ ہی نہیں لیا۔
لیگی رہنماؤں اور امیدواروں نے شکوہ کیا ہے کہ مریم نواز انتخابی مہم چلانے کے بجائے لندن چلی گئیں اور حمزہ شہباز گھر سے ہی نہ نکلے۔مسلم لیگ ن غیر منظم ہوچکی ہے ۔رہنما اپنی ذات تک محدود اور وفاقی وزراء پارٹی ورکرز کو اہمیت نہیں دیتے۔ پارٹی صدر وزیراعظم شہباز شریف ہیں،، ان کے پاس بھی پارٹی کے لیے وقت نہیں۔
سوشل میڈیا، پارٹی ونگز اور کارکن متحرک نہیں جس کی بڑی وجہ لیڈر شپ کا متحرک نہ ہونا ہے، مہنگائی میں مسلسل اضافہ، بجلی کے بھاری بل، پارٹی کا مفاہمتی بیانیہ اور قیادت کی عدم دلچسپی شکست کی وجوہات بنیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں کے گلے شکوے سے نواز شریف کو آگاہ کر دیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ضمنی انتخابات میں شکست کے اسباب جاننے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمیٹی اپنی رپورٹ جلد پارٹی قائد کو بھجوائے گی، جس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل تیارکیا جائے گا۔