صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے ایرانی سرحد پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت

Published On 18 January,2023 09:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ پنجگور میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں کی شہادت پر گہرا دکھ ہے، حملے سے دہشتگردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کو نقصان نہیں پہنچ سکتا۔

صدر مملکت نے شہداء کی خدمات اور وطن کیلئے عظیم قربانی پر خراج عقیدت اور بہادری پر اُنہیں سلام پیش کیا، اس کے علاوہ انہوں نے شہداء کے بلند درجات کی دعا کی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کی حدود سے دہشت گردوں کا حملہ، 4 سکیورٹی اہلکار شہید

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مذمت بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان ایران سرحد پر دہشت گردی کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر شدید مذمت کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا قوم فرض کی ادائیگی میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کی سرزمین سرحد پار حملوں کیلئے استعمال نہ ہو۔
 

Advertisement