نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کا معاملہ، چیف الیکشن کمشنر سے سیکرٹری کی ملاقات

Published On 22 January,2023 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کیلئے تجویز کردہ چاروں ناموں کا بغور جائزہ لے کر میرٹ پر نامزدگی کی منظوری دینگے، مقررہ وقت رات 10 بجے سے پہلے نام کا اعلان کر دیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملاقات کی، ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری سے متعلق گفتگو ہوئی، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تقرری کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران لاء ونگ کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری سے متعلق آئینی امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے کہا کہ آج شام کو اجلاس میں نام فائنل کر لیا جائے گا، شام 6 بجے کے اجلاس میں تمام ممبران اور حکام شریک ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چاروں ناموں کا بغور جائزہ لے کر میرٹ پر نامزدگی کی منظوری دینگے۔

الیکشن کمیشن کا سیکرٹری اسمبلی سے 2 بار رابطہ
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکرٹری اسمبلی عنائت اللہ لک سے رابطہ کیا، رابطے کے دوران پارلیمانی کمیٹی میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے بھیجے گئے نام دوبارہ منگوا لئے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھجوا دی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے دوبارہ سیکرٹری اسمبلی سے رابطہ کیا گیا، مراسلے میں کہا گیا کہ وہ والا لیٹر بھیجا جائے جو وزیر اعلیٰ نے سپیکر کو بھیجا تھا۔
 

Advertisement