ملتان: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار سے الگ کرکے لٹیروں کو این آر او دیے کر کلین چٹ دی جا رہی ہے، ملک میں جلد اور شفاف الیکشن ناگزیر ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کر رہے ہیں، ناکام نظام کو بچانے کیلئے غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، حکومت گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کو جس ایجنڈے کے تحت ذمہ داری سونپی گئی وہ اسی ایجنڈے کے تحت کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈر کو بچانے کیلئے ہمارے اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور کیے گئے، سپیکر صاحب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے باقی اراکین اسمبلی کے استعفے بھی منظور کیے جائیں، فوری اور شفاف الیکشن ملک کی ضرورت بن چکے ہیں، حکمران الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے، جلد اور شفاف الیکشن کروانا ہوں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا حکمرانوں نے 11 سو ارب روپے کی چوری کی، حکمران اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کرنے کیلئے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں، قوم دیکھ رہی ہے، قومی مجرموں کے کرپشن کے مقدمات بتدریج ختم ہو رہے ہیں، قومی لٹیروں کو کلین چٹ دی جا رہی ہے، عمران خان نے این آر او دینے سے انکارکیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف صحت کی خرابی کا بہانہ بنا کر ملک سے باہر گئے، ان کی صحت پتا نہیں ٹھیک ہوئی یا نہیں ہوئی، ان کے بھائی ملک کے وزیراعظم بن گئے، بھتیجا پنجاب کا وزیراعلیٰ رہا، خاندان کے افراد کے کرپشن مقدمات ختم ہوتے جا رہے ہیں، نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے قانونی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں، جلد ہی ایک سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جائے گا۔