اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے نگران حکومتوں کے لئے گائیڈ لائنز جاری کردیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پوسٹنگ ٹرانسفر الیکشن کمیشن کی اجازت سے مشروط ہو گی۔
الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق نگران پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومتیں الیکشن کے انعقاد کے لئے معاونت کریں گی، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھرتیوں پر پابندی عائد ہو گی جبکہ نئی ترقیاتی سکیموں کے اعلان پر پابندی بھی عائد ہو گی۔
گائیڈ لائنز کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب کے لوکل گورنمنٹ کے فنڈز منجمدکر دئیے گئے ہیں، دونوں صوبوں کے سابق وزرائے اعلیٰ، وزراء اور مشیروں سے سرکاری رہائشگاہیں خالی اور گاڑیاں واپس لی جائیں گی۔
نگران حکومتیں صرف روز مرہ کے امور نمٹا سکیں گی، نگران وزرائے اعلیٰ اور وزراء تین دن کے اندر اپنے اور خاندان کےمالی گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں گے۔