لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جان اس وقت راجہ ریاض طوطے میں ہے، پی ٹی آئی کے لوٹے شہباز شریف کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان نے پوری کوشش کی ملک میں سری لنکا جیسی والی صورتحال نہ ہو، اداروں کو تھوڑا سا اپنی عزت، عہدوں کا خیال کرنا چاہیے۔
فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان نے آئین کے تحت چلنا ہے، گزشتہ 8 سے 9 ماہ میں آئین بالکل معطل ہے، آئین کے مطابق دونوں گورنرز نے الیکشن کی تاریخ نہیں دی، تحریک انصاف نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ ہوتے ہوئے الیکشن جیتا،عمران خان جس طرح کے فیصلے کرتے ہیں کوئی اور نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اسی ایوان میں رہنا ہوتا تو ہمارے اور باقی سیاست دانوں میں کیا فرق رہ جاتا ہے، عمران خان کے کہنے پر 127 لوگوں نے استعفے دیئے، مریم نواز نے اپنے دو ممبران سے استعفے مانگے تھے دونوں اراکین نے استعفے نہیں دیئے تھے، پاکستان میں تو کوئی کلرک کی نوکری نہیں چھوڑتا، عمران خان نے دو اسمبلیوں کو تحلیل کر دیا۔