کراچی: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے نے امدادی سامان سے بھرا ایک اور بحری جہاز زلزلہ متاثرہ ترکیہ اور شام کے لیے روانہ کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی ترکیہ اور شام کے زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے مسلسل امدادی کارروائیاں جاری ہیں، این ڈی ایم اے نے مزید 550 ٹن امدادی سامان پاکستان نیوی کے بحری جہاز کے ذریعے زلزلہ زدہ ترکیہ اور شام کے لیے آج روانہ کیا۔
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) March 11, 2023
بحری جہاز کی روانگی کے موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو اور کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل فیصل عباسی نے شرکت کی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جہاز میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے 2625 موسم سرما کے بڑے خیمے اور 38370 کمبل شامل ہیں، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 179 ٹن امداد میں 22000 کمبل سمیت 144 ٹن عطیات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد تعین شدہ وقت میں بھیجی جائے گی، شہباز شریف
دونوں ممالک کے لیے امدادی سامان لے جانے والا جہاز 23مارچ کو ترکیہ اور 31 مارچ کو شام پہنچے گا، اس سے قبل 28 فروری کو این ڈی ایم اے نے PNS نصر کے ذریعے دونوں ممالک کے لیے 1000 ٹن کا پہلا سمندری کارگو روانہ کیا تھا۔
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) March 11, 2023
این ڈی ایم اے نے اب تک 2812 ٹن امدادی سامان دونوں ممالک کو روانہ کیا ہے، سامان میں موسم سرما کیلئے رہائشی خیمے، کمبل، راشن بیگ اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں، این ڈی ایم اے نے اب تک ہر ممکن ذرائع آمدورفت بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سامان دونوں ممالک میں پہنچایا ہے۔