ترکیہ، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد تعین شدہ وقت میں بھیجی جائے گی، شہباز شریف

Published On 10 March,2023 10:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امداد تعین شدہ وقت میں بھیجی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ خیمےاور امدادی اشیاء کی ترسیل بارے جائزہ اجلاس ہوا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 23 مارچ تک ترکیہ میں سردی سے بچاؤ کے 50 ہزار خیمے بھیجے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ترکیہ بھیجنے سے پہلے رینڈم چیکنگ کی جائے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ نے معاشی مسائل کے باوجود امدادی سامان کی پیداوار اور ترسیل کے لیے درکار وسائل مہیا کیے جو قابل تحسین امر ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کیلئے دل کھول کر عطیات جمع کرا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے کلین ایئر، حج پالیسی، نیشنل اکاؤنٹبیلٹی ترمیمی آرڈیننس منظور کر لیا

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل انعام حیدر ملک، اسحاق ڈار، احسن اقبال اور ترکی میں پاکستان کے سفیر نے بریفنگ دی کہ رواں ماہ 23 مارچ تک ترکیہ اور شام 34 پروازیں امدادی سامان لے کر جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروازوں میں 50 ہزار سردی سے بچاؤ کے خیمے، 38 ہزار کمبل ترکیہ اور 22 ہزار کمبل اور 10 ہزار راشن کے پیکٹ شام بھیجے جائیں گے، آج رات دو مال بردار طیارے 220 ٹن امدادی سامان لے کر ترکیہ کیلئے روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز دور کے 10 ماہ کے دوران قرضوں میں 27.7 فیصد اضافہ

شرکا کو مزید بتایا گیا کہ کل ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان نیوی کا دوسرا بحری جہاز روانہ ہو گا، وزیر اعظم نے ترکیہ اور شام کیلئے امدادی سامان کی معینہ مدت میں روانگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Advertisement