اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، خاتون کا ہر روپ معاشرے کو کار آمد بنانے میں مصروف نظر آتا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج خواتین کے معاشرے میں کردار اور انسانی تہذیب کے ارتقاء میں انکی خدمات کے اعتراف کا دن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماں ایک انسان کو کئی ماہ تک اپنی کوکھ میں رکھ کر جنم دیتی ہے ، خاتون بہن کے روپ میں دوسروں کی عزت کرنا سکھاتی ہے، خاتون بیٹی کے روپ میں انسان کے آنگن کو رونق بخشتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیئے، اسلام نے ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا، معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، فاطہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان خواتین کے کردار کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسف زئی ، خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقاء میں مرکزی کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے۔