لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں قانون کی حکمرانی اور عملدرآمد پر یقین رکھتا ہوں، 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گا۔
سابق وزیر اعظم نے سینئر اینکرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کسی صورت 90 دن سے آگے نہیں جانے دیں گے، انتخاب ملتوی کر کے 90 روز سے آگے جانا آئین کی خلاف ورزی ہو گا، انتخابات 90 روز سے آگے گئے تو پھر آئینی تحریک چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا انتخاب بارے فیصلہ نہ ماننا ٹیک اوور کو دعوت دینا ہو گا، میری حکمت عملی اس بات پر ہے کہ یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانتے ہیں یا نہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مارچ 2021ء میں اہم شخصیت نے بتایا کہ جنرل باجوہ آپ کو نکالنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دعا ہے اللہ رب العزت قوم کو حقیقی آزادی سے آشنا کر دے: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ میری گرفتاری عدالت میں پیش ہونے کیلئے نہیں مجھے مارنے کیلئے ہے، عدالت میں پیش ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا، یہ مجھے اس جگہ بلا رہے ہیں جس کے بارے میں مجھے سکیورٹی خدشات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اہلکار میری گرفتاری کے لئے دو بار میرے قریب پہنچے، کوئی شک نہیں کہ گرفتاری کے بعد مجھ پر حراستی تشدد ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو اتوار کو لاہور میں جلسہ کرنے سے روک دیا
ملاقات کے دوران سینئر صحافی نے سوال کیا کہ چودھری پرویزالٰہی کدھر ہیں؟ جس پر عمران خان نے انکشاف کیا کہ چودھری پرویز الٰہی کو کرونا ہو گیا ہے۔