اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کاکہنا ہے کہ وہ پولیس آفیسرز جنہوں نے کل غیر قانونی آپریشن کیا اور تشدد میں ملوث ہوئے ان پر پر چے درج کرارہے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آج قانونی ٹیم کی میٹنگ بلائی ہے، جس طرح لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو ہوا میں اڑاکر عمران خان کی رہائش گاہ میں پولیس داخل ہوئی اور چادر اور چاردیواری کے ہر اصول کو پامال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چوری کی گئی ، جوس کے ڈبے تک اٹھا کر لے گئےاور معصوم لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جو کچھ اسلام آباد میں ہوا، یہ تمام واقعات پاکستان میں جاری آئینی بحران کا شاخسانہ ہیں۔
یہ تمام واقعات پاکستان میں جاری آئینی بحران کا شاخسانہ ہیں، عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑانا ناقابل معافی ہے ہائیکورٹ اپنے فیصلوں کا پہرہ دیں تمام پولیس آفیسرز جنہوں نے غیر قانونی آپریشن کیا اور تشدد میں ملوث ہوئے ان پر پرچے درج کرا رہے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 19, 2023
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑانا ناقابل معافی ہے ، ہائی کورٹ اپنے فیصلوں کا پہرہ دیں۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے زمان پارک میں گھر پر چھاپے اور عملے پر تشدد کے معاملے پر عدالت جانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔