بہاولنگر: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان پر 63 ہزار ارب کا قرضہ ہے، ملک کے 18 سو افراد کے 4 ہزار ارب کے اثاثے ملک سے باہر ہیں۔
بہاولنگر کے علاقے خلیل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروز گاری، غربت عروج پر ہے، حکمرانوں کے گھر خوشحال ہیں، حکمرانوں کے کتے فرانس سے درآمد کھانا کھاتے ہیں، حکمران بین الاقوامی مافیاز ہیں، کچھ مسلم لیگ (ن)، کچھ پی پی اور کچھ پی ٹی آئی میں ہیں، ہر پاکستانی 42 قسم کا ٹیکس ادا کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 16 صفحات پر مشتمل توشہ خانہ کی دستاویزات سے سب کے کرتوت عیاں ہو چکے ہیں، سب اس حمام میں ننگے ہیں، نیب زدہ سیاست دانوں نے اقتدار لے کر نیب کے پر کاٹ کر اپنا راستہ صاف کر لیا ہے، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن تقسیم ہے، آدھے پی ڈی ایم اور آدھے پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، جماعت اسلامی ہر کرپشن سے پاک ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حکمران عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ ہیں، بزدل حکمرانوں نے پاکستان کو امریکا کی غلامی میں دے دیا ہے، سیلاب، کورونا جیسی ہر مصیبت میں صرف جماعت اسلامی نے فرنٹ پر کردار ادا کیا، میں نے اپنے ہاتھوں سے 78 کورونا زدہ لاشوں کو دفن کیا، پی ٹی آئی حکومت نے وعدے پورے نہیں کئے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ شہباز شریف کہتا تھا کہ زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹوں گا، سب نے دیکھا یہ مفادات کیلئے ایک ہیں، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا احتساب صرف جماعت اسلامی کرے گی، مریم جھوٹ بولتی ہے یہ حکومت میری نہیں، جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیٰ لائے گی۔