لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے کچے کے علاقہ میں آپریشن کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 13 واں اجلاس ہوا، کابینہ کو انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی، کابینہ نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو گرفتار کر لیا گیا
پنجاب کابینہ نے کچا آپریشن کے اخراجات کیلئے فنڈز کے اجرا کی منظوری دے دی، کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد پائیدار پلان کے تحت انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا، کابینہ نے وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی نے کہا اس پیکیج کے تحت حق دار کو اس کا حق دیا ہے، صوبائی وزراء، انتظامی و پولیس افسران اور عملے نے دن رات محنت کرکے مفت آٹا پیکیج کو کامیاب بنایا، پوری مشینری نے ایک ٹیم ورک کے طور پر ڈلیور کیا جس پر میں شاباش دیتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: علی زیدی کی گرفتاری لندن پلان کا حصہ، ایسے ہتھکنڈے کسی کام نہیں آئیں گے: عمران خان
پنجاب کابینہ نے صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی کی بھرپور تحسین کی، اجلاس میں آر پی اوز، کمشنرز، سی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر محکموں کے سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چینی کی سمگلنگ روکنے اور قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دیا، انہوں نے کہا پنجاب کے خارجی راستوں کی سخت نگرانی جاری رکھی جائے۔ چینی کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔
صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض نے رمضان المبارک سپورٹس سیریز کے تحت کھیلوں کے مقابلے کے بارے میں بریفنگ دی، انہوں نے بتایا رمضان المبارک سپورٹس سیریز کے تحت تمام ٹورنامنٹ سپانسرڈ تھے، حکومت نے سرکاری فنڈز استعمال نہیں کئے، کابینہ نے وہاب ریاض اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی شرائط پوری، معاہدہ نہ کرنے کا اب کوئی بہانہ نہیں: وزیراعظم
کابینہ کو تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، بہت جلد تحصیل سے لے کر صوبائی سطح تک مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہو گا۔