لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا داتا دربار آنے والے زائرین کی سہولت کیلئے اہم اقدام، محسن نقوی نے داتا دربار کی 13 برس سے بند پارکنگ کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں داتا در کی پارکنگ اور زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اوقاف، ڈپٹی کمشنر لاہور، نیسپاک کے افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کا عیدالفطر کے موقع پر سیاحتی مقامات پر خصوصی انتظامات کا حکم
محسن نقوی نے داتا دربار کی 13 برس سے بند پارکنگ کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کا حکم دیا، اس موقع پر کربلا گامے شاہ موڑ سے داتا دربار آنے والی ٹریفک ون وے کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ داتا دربار پارکنگ میں زائرین کی صرف چھوٹی گاڑیاں جا سکیں گی جبکہ لوڈر گاڑیاں اور ٹرک پارکنگ میں نہیں جا سکیں گے، پارکنگ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے بہترین سکیورٹی کمپنی کی خدمات مستعارلی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ نے لاہور کا پارکنگ نظام ڈیجیٹلائز کرنے کی منظوری دیدی
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارکنگ میں سکیورٹی اور سرویلنس کے جدید ترین آلات کے ذریعے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا، نگران وزیراعلیٰ نے پلان پر جلد از جلد عملدررآمد کر نے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ زائرین کی سہولت اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے 2010 سے بند کار پارکنگ کو کھولا جا رہا ہے، داتا دربار پیدل جانے والے زائرین کیلئے فٹ پاتھ پر محفوظ راستہ بنایا جائے گا۔