اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چھاپے اور گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنارہی ہیں، عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات ختم یا جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے چودھری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں؟ چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے سے ثابت ہوتا ہے کہ اسحاق ڈار، سعد رفیق اور اعظم تارڑ کی اپنی حکومت میں کوئی حیثیت نہیں ، اس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں؟ چوہدری پرویز الہی کے گھر چھاپہ سے ثابت ہوتا ہے کہ اسحق ڈار، سعد رفیق اور اعظم تارڑ کی اپنی حکومت میں کوئ حیثیت نہیں ، اس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 28, 2023
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر پر حملہ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جا میں رکھنا اور پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟، عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔
پرویز الہیٰ کے گھر پر حملہ ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بےجاء میں رکھنا اور ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں، اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئ کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟ عمران خان کی…
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 29, 2023
دوسری جانب پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر لیڈرشپ کا اجلاس طلب کر لیا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو گیا، دونوں فریقین منگل کو دن گیارہ بجے دوبارہ بیٹھیں گے۔