لاہور: (دنیا نیوز) پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان تباہی کے کنارے کھڑا ہے: عمران خان کی ججز سے متحد ہونے کی اپیل
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے اور منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات ہو گی۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 29, 2023
اس سے قبل حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے ممبر، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کر کے چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر حملے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ کارروائی نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے، تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کر کے جلد اس سلسلے میں دوبارہ رابطہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی کے گھر حملے سے وفاق کا تعلق نہیں: اسحاق ڈار نے شاہ محمود کو آگاہ کر دیا
واضح رہے کہ قبل ازیں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت زمان پارک میں پارٹی کے مرکزی قائدین کا اجلاس ہوا تھا جس میں اراکین نے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی تجویز دی۔
پارٹی اراکین کا کہنا تھا کہ اگر ہم پیچھے ہٹے تو سپریم کورٹ میں حکومت کو موقع مل جائے گا، اجلاس میں پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے کی مذمت بھی کی گئی۔