راولپنڈی : (ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مارچ کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے جنکشن فیض آباد اور مری روڈ پر جگہ جگہ کنٹینرز کھڑے کردیے گئے۔
عالمی یوم مئی پر پاکستان تحریک انصاف آج لاہور اور پشاور کے علاوہ راولپنڈی میں بھی پیدل مارچ کرنے جا رہی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر مری روڈ اور فیض آباد کے مقام پر بڑی تعداد میں کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں۔
فیض آباد کے مقام سے کنٹینرز لگا کر راستہ بند کردیا گیا جبکہ علامہ اقبال پارک سے فیض آباد جانے والا راستہ بھی بند کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک پاور شو
راستے بند کیے جانے کی وجہ سے ٹریفک کے رش میں بھی اضافہ ہوا ہے اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، موٹرسائیکل سواروں سمیت بڑی گاڑی والے افراد کو منزل پر پہنچنے کے لیے راستے بند ہونے کے باعث دشواری اٹھانا پڑ رہی ہے۔
اس سلسلے میں انتظامیہ کا بتانا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک اسٹیڈیم روڈ کی جانب موڑ دی گئی ہے جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے شہری ائرپورٹ روڈ استعمال کریں۔