لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے شخص کو گرفتاری سے روکنا، اسے شاہی مہمان بنا کر رکھنا، اس کے نخرے اٹھانا ہر پاکستانی کے علاوہ ان شہیدوں اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پر حملہ کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ چیف جسٹس ہونے کا مطلب ریاست کو اس شخص کی غلامی میں دینا نہیں جس نے اپنے پالتو غنڈوں کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی ہر علامت کو جلا کر راکھ کر دیا۔
مریم نواز نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ اب عدلیہ ہی نہیں آئین و قانون، نظام انصاف اور ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک دہشتگر کے سہولت کار بننے کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں، آپ اپنی کرسی کو عمران کی سیاست کیلئے استعمال کر رہے ہیں، سیاسی رد عمل کیلئے تیار رہیں۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ فتنہ گرفتاری کے ڈر سے عدالت میں چھپا بیٹھا ہے، اگر عدالت سے گرفتار کرنا غلط ہے تو کیا ایک مجرم کو عدالت کو اپنی پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا بھی کوئی نیا قانون ہے؟۔