اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو رہا کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حکم نامہ جاری کیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا ایم پی او کے تحت آرڈر کالعدم قرار دیا جاتا ہے، فواد چودھری کو گرفتار کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے اور انہیں فوری رہا کیا جائے، فواد چودھری پرتشدد کارروائیوں یا ان پر اکسانے سے متعلق پہلے ہی انڈرٹیکنگ دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا فواد چودھری کی رہائی کا حکم، پولیس کی دوبارہ گرفتاری کی کوشش
تحریری حکم نامے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ فواد چودھری تھانہ کوہسار اور تھانہ آبپارہ میں درج دو مقدمات میں نامزد ہیں، عدالت نے 9 مئی کو پی ٹی آئی رہنما کو حفاظتی ضمانت دی تھی، فواد چودھری کی حفاظتی ضمانت مزید دو دن برقرار رہے گی، اس دوران متعلقہ عدالت پیش ہو کر فواد چودھری ضمانت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔