لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں ہونے والے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے عوامی پاور شو کرنے کا فیصلہ ہوا ہے جس کے تحت 18 مئی بروز جمعرات کو مریدکے میں جلسہ کیا جائے گا، جلسے سے سابق وزیر اعظم خطاب کریں گے، اس حوالے سے عمران خان نے گوجرانولہ اور مریدکے کے ٹکٹ ہولڈرز کو ٹاسک سونپ دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی ایکٹ کے تحت تفتیش، لاہور میں درج دونوں مقدمات میں عمران خان نامزد
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز کو گرفتاریوں سے بچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مرید کے میں ہمارا جلسہ ہر صورت ہو گا، اگر حکومت کیلئے دفعہ 144 نہیں تو ہمارے لئے کیوں ہے، اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنیکی حکمت عملی طے
سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز کو پرامید رہنے کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ یہ دو ہفتوں کی بات ہے معاملات ٹھیک ہو جائیں گے، تحریک انصاف کیخلاف منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، حکومت جو مرضی کر لے تحریک انصاف کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی۔