مطفر آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت جی 20 کی صدارت کا غیرقانونی استعمال کرکے دنیا کو باور کرانے کی کوشش کررہا ہے کہ کشمیر غیرمتنازع علاقہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر اسمبلی میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جی 20 کی صدارت کا غیرقانونی استعمال کررہا ہے، بھارت دنیا کو باور کرانے کی کوشش کررہا ہے کہ کشمیر غیرمتنازع علاقہ ہے، درحقیقت کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جی 20 اجلاس کیخلاف مذمتی قرار داد منظور
انہوں نے کہا کہ پاکستان 5 اگست کے اقدامات کو مسترد کرتا ہے، مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، آزاد کشمیر سے متعلق بھارت کے جارحانہ بیانات دنیا کے سامنے ہیں، 75 سال سے کشمیری اپنے حق سے محروم ہیں،کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کیساتھ ہیں، پاکستان کا لفظ کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر جیل بن چکا، کشمیریوں کی زمینوں پر قبضے کیے جارہے ہیں، بھارتی اقدامات عالمی قانون کی خلاف ورزی ہیں، بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیر کی حقیقت کو نہیں بدل سکتی، بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے، وہ جتنی چائے پینا چاہتے ہیں ہم پلائیں گے مگر ملک کے دفاع پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں: سری نگر میں جی 20 اجلاس کا آج سے آغاز، کنٹرول لائن کے دونوں جانب مکمل ہڑتال
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر پر بامعنی مذاکرات کےلیے سازگار حالات پیدا کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔