پشاور : (دنیانیوز) سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم خان نے بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا ۔
سابق صوبائی مشیر ملک قاسم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی پُرزور مذمت کرتا ہوں، مزید وقت اس طرح کی پارٹی میں نہیں گزار سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے اور جو نہیں کہتے وہ کرتے ہیں ، خان صاحب آپ نے جو پارٹی کا نام رکھا ہے یہ زیادتی ہے، تحریک انصاف میں انصاف کا کوئی نام نہیں۔
ملک قاسم نے کہا کہ یہ زیادتیاں اور ناانصافیاں کب تک برداشت کرتے رہیں گے، ہمارے قومی مفاد میں ہے کہ ہم تحریک انصاف چھوڑ دیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم پر کوئی دباؤنہیں ، سیاست نہیں چھوڑ رہے ،اس کو عبادت سمجھتے ہیں، آئندہ کا لائحہ عمل ہم بیٹھ کر طے کریں گے۔
یاد رہے کہ کرک سے تعلق رکھنے والے ملک قاسم خان سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے مشیر رہے ہیں اور وہ 2013 میں آزاد حیثیت سے الیکشن جیت کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔