اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے، پورے ملک میں یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا گیا۔
25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا، بلوچستان کے پہاڑوں سے پاکستان کی عظمت کا اعلان ہوا تو دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے ۔
چاغی کے پہاڑوں پر اللہ و اکبر کا نعرہ بلند ہوا جسے پوری دنیا میں سنا گیا، وطن عزیر پر حملہ کی خواہش لیے بھارتی حکومت کو جیسے سانپ سونگھ گیا۔
پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں مل کر رہ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم تکبیر منایا گیا۔
ہر سال یوم تکبیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں بھی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، اس دن خاص طور پر وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے قربانیاں دینے والے عظیم شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔