لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دو تو ملک میں صرف کھنڈرات بچتے ہیں، مشرق سے مغرب جہاں دیکھو نواز شریف کے منصوبے نظر آئیں گے۔
لبرٹی چوک میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، پاکستانی قوم کو سلام جس نے متحد ہو کر مشکلات کا سامنا کیا، ایٹمی پروگرام کے معماروں نوازشریف اوربھٹو شہید کو سلام، ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کرنے والی پاک فوج کو بھی سلام۔
یہ بھی پڑھیں: ہم آزاد ہیں اور رہیں گے، کوئی طاقت ہماری آزادی نہیں چھین سکتی، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے تو نوازشریف باکو کے دورے پر تھے، نواز شریف نے انڈیا کے دھماکوں کے 17 دن بعد ایٹمی دھماکے کیے، نوازشریف کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا بتایا گیا تو انہوں نےفون کر کے پوچھا کتنے دن لگیں گے، نوازشریف کو بتایا گیا کہ 17 دن لگیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، حمزہ شہباز
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا تو پوری دنیا سے دباؤ آیا، بل کلنٹن نے نواز شریف سے کہا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرو، نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ برداشت کیا لیکن دھماکے کیے، پوری دنیا نے نواز شریف کو کہا ایٹمی دھماکے نہ کرنا، پاکستان کو کہا گیا کہ پابندیاں لگ جائیں گی، نواز شریف نے ان پابندیوں کا مقابلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم تکبیر، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 25 برس مکمل
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، پاکستان کے دفاع سے ترقی تک ایک ہی نام نواز شریف ہے، اتنے انتقام کا سامنا کرنے کے باوجود نواز شریف کی جماعت نہیں ٹوٹی، نواز شریف کو کوئی بھی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، نواز شریف کے ساتھی سیسہ پلائی دیوار کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔