اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے طیب اردوان کو ترکیہ کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کر دی۔
وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹ میں صدر اردوان کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر جمہوریہ ترکیہ کے صدر کا تاریخی انتخاب جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ ان کا شمار چند ایسے عالمی رہنماؤں میں ہوتا ہے جن کی سیاست کی بنیاد عوام کی خدمت ہے، رجب طیب اردوان مظلوم مسلمانوں کی طاقت اور ان کے حقوق کی ایک مضبوط آواز ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 28, 2023
وزیر اعظم نے لکھا کہ صدارتی انتخاب میں ان کی فتح اور پارلیمانی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی کئی طرح سے اہمیت کی حامل ہیں اور ان کی لیڈرشپ پر ترک عوام کے اعتماد اور یقین کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات مزید آگے بڑھیں گے، میں ان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور دونوں اقوام کے بھائی چارے کو مزید تقویت دینے کا منتظر ہوں۔