لاہور: (دنیا نیوز) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے مزار پر حاضری دی۔
جی سی یو کے وفد میں طلبا اور اساتذہ شامل تھے، وفد نے جناح ہاؤس کے تباہ شدہ حصوں کا جائزہ لیا، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی نے 9 مئی کے دل سوز واقعات کی پرزور مذمت کی۔
وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ قائد کی رہائشگاہ جو ہمارا قومی اثاثہ تھی اُسے شر پسندوں نے جلا دیا جس کا ہمیں بہت دکھ ہوا، فوج کا دشمن، پاکستان کا دشمن ہے۔
ڈاکٹر اصغر زیدی نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے محافظوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور 9 مئی کے شرمناک واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
وفد نے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے مزار کا بھی دورہ کیا، وائس چانسلر نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میجر شبیر شریف گورنمنٹ کالج لاہور کے فارغ التحصیل سپوت تھے۔