آڈیو لیکس کیس: ججز پر اعتراضات کی حکومتی درخواست واپس بھیج دی گئی

Published On 31 May,2023 01:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ججز پر اعتراضات کی وفاقی حکومت کی درخواست واپس کردی۔

وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر بننے والے بنچ پر اعتراض عائد کیا تھا جس میں حکومت کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر کیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔

وفاقی حکومت نے استدعا کی تھی کہ چیف جسٹس، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اخترآڈیو لیک کامقدمہ نہ سنیں۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے وفاقی حکومت کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے اسے واپس کردیا اور ہدایت کی کہ جو درخواست کرنی ہو وہ کھلی عدالت میں کریں۔

سپریم کورٹ میں سماعت

دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں آڈیولیکس انکوائری کمیشن کے خلاف عمران خان سمیت دیگر کی درخواستوں پرسماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے پاس موجودہ کیس میں کچھ درخواستیں آئی ہیں ان کو کیس میں شامل کر لیں گے، اٹارنی جنرل کی درخواست پر پہلے سماعت کریں گے اور بنچ پر اعتراض کے معاملے پر اٹارنی جنرل کے دلائل سنیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بنچ پر اعتراض پر گزشتہ سماعت میں فیصلہ نہیں کیا تھا، اب نئی درخواستوں پر اگلے ہفتے دلائل سن لیں گے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے آڈیو لیکس کمیشن کے خلاف آئینی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔ 

Advertisement