راولپنڈی: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے بعد دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں کی، دہشتگردی کی یہ کارروائی علاقے میں پولیو مہم کو متاثر کرنے کیلئے کی گئی، پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور سکیورٹی ٹیم نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان جام شہادت نوش کر گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، اس دوران سکیورٹی فورسز کو دہشتگردوں کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا رہا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا، دونوں دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، علاقہ مکینوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔