راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں خود کش حملہ کے دوران پاک فوج کے دو جوانوں سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی سکیورٹی اہلکاروں کے پاس اڑا دی، دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے نائیک سید اللہ شاہ اور سپاہی جواد خان شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 6 دہشت گرد جہنم واصل
دھماکے کے باعث خیبر پختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کانسٹیبل حکیم جان اور ایک معصوم شہری بھی شہید ہو گیا جبکہ سکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی سے بڑی تباہی کو روک لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے معصوم جانوں کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر فوجیوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔