سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 6 دہشت گرد جہنم واصل

Published On 24 May,2023 06:47 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کے خاتمہ کے لیے کارروائی جنوبی وزیرستان کے ضلع کوٹ اعظم میں خفیہ معلومات پر کی، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 6 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا۔