لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چھوڑنے والے ہم خیال اراکین نے کسی بھی دوسری پارٹی میں شمولیت کے بجائے 'ڈیموکریٹس' کے نام سے ایک نیا گروپ بنانے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کی پنجاب حکومت میں کابینہ کا حصہ رہنے والے ڈاکٹر مراد راس اور ہاشم ڈوگر کی زیر صدارت پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے والے ہم خیال اراکین کا اجلاس ہوا جس میں گروپ کا نام فائنل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کیلئے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم خیال اراکین جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ فی الحال نہیں جائیں گے، اراکین ڈیموکریٹس کے نام سے اپنی الگ شناخت رکھیں گے، گروپ میں آنے والے اراکین کی شناخت بھی فی الحال ظاہر نہیں کی جائے گی جبکہ گروپ کو الیکشن کمیشن میں بھی رجسٹرڈ نہیں کروایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ اور حافظ آباد کی 3 سیاسی شخصیات کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان
ڈیموکریٹس گروپ کے اہم رکن ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ الگ گروپ کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائیں گے، مسلم لیگ ق، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار نہیں کی جائے گی، سب لوگوں سے رابطے میں ہیں۔