لاہور: (دنیا نیوز) جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی پارٹی کا نام فائنل کر لیا، نئی پارٹی کا نام استحکام پاکستان پارٹی رکھا گیا ہے۔
جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی عون چودھری نے نئی پارٹی کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے نئی جماعت کا نام فائنل کر لیا ہے، ہماری جماعت کا نام استحکام پاکستان ہو گا، آج عشائیہ میں تمام پارٹی ممبران کو نام بتا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق صوبائی وزیر مراد راس بھی جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہو گئے
علاوہ ازیں جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گرا دیں، متعدد سابق ارکان اسمبلی و اہم سیاسی شخصیات نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا جن میں سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی، چشتیاں سے سابق ایم پی اے ممتاز مہروی، ساہیوال سے سابق ایم پی اے مہر ارشاد کاٹھیا، ننکانہ صاحب سے میاں عثمان اشرف، میانوالی سے میجر ریٹائرڈ خرم روکھڑی، پاکپتن سے سابق ایم پی اے دیوان عظمت سید محمد چشتی شامل ہیں۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان، اسحاق خاکوانی، عون چودھری، ملک نعمان لنگڑیال، فردوس عاشق اعوان، اجمل چیمہ، امیر حیدر سنگا اور شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔