باغ: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔
آزاد جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ ٹو میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ضمنی انتخاب سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی عدالتی فیصلے میں نااہلی کے نتیجہ میں خالی ہوئی نشست پر ہورہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حلقہ میں 18 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، تحریک انصاف کے کرنل ضمیر، پیپلز پارٹی کے ضیا القمر اور مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے۔
حلقہ میں کل ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 145 ہے، جن میں مرد ووٹوں کی تعداد 53 ہزار 107 اور خواتین کی تعداد 48 ہزار 38 ہے۔
باغ ٹو ایل اے 15 میں گزشتہ انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر 14 ہزار 781 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 11 ہزار 215 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
اس حلقے سے سردار تنویر الیاس 20 ہزار 10 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔
اس حلقے میں 189 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں مردوں کے لیے 59 پولنگ سٹیشن، خواتین کے لیے 57 پولنگ سٹیشن جبکہ 73 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔