اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے 1150 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انفراسٹرکچر کیلئے 491.3 ارب روپے مختص کر دیئے، توانائی کے شعبے کیلئے 86.4 ارب، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی کیلئے 263.6 ارب روپے کی منظوری دے دی گئی جبکہ آبی ذخائر اور شعبہ آب کو 99.8 ارب روپے ملیں گے۔
کابینہ اجلاس میں 24 مئی، 5 اور 7 جون کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق ہوگی۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ بجٹ میں عوام کیلئے کوئی ریلیف لا رہے ہیں؟ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ دعا کریں کہ ہم ایک اچھا بجٹ عوام کیلئے دے سکیں۔
قبل ازیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا، بی اے پی نے حکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی آئندہ ہفتے میں تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے، بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی حکومت کے ہر فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔